ملک بھر میں پیر کو عید منانے کا اعلان, خیبر پختونخوا میں کل ہوگی

Central Ruet-e-Hilal Committee

Central Ruet-e-Hilal Committee

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ شوال کا چاند نظر آنے کی قابل قبول شہادتیں موصول نہیں ہوئیں اس لئے پاکستان میں عید الفطر پیر کو منائی جائے گی,دوسری جانب مسجد قاسم خان کے علما نے کل خیبر پختونخوا میں عید منانے کا اعلان کردیا.

چاند کی رویت سے متعلق مرکزی کمیٹی کو ملک کے کسی بھی حصے سے شہادت موصول نہیں ہوئی۔ رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان نے اعلان کیا ہے کہ عید 20 اگست کو ہوگی. شوال کا چاند دیکھنے کے لئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مفتی منیب الرحمن کے زیر صدارت کراچی میں جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس لاہور، کوئٹہ، پشاور اور اسلام آباد میں ہوئے۔ ان اجلاسوں میں ملک بھر میں کہیں سے بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد مفتی منیب الرحمن نے 20 اگست کو عید کا اعلان کیا۔ دوسری جانب پشاور کی مسجد قاسم خان کے علما نے شہادتیں موصول ہونے کے بعد خیبر پختونخوا میں کل عید منانے کا اعلان کیا ہے. باجوڑ اور خیبر ایجنسی میں بھی مقامی علما نے اتوار کو عید منانے کا اعلان کیا ہے۔ ادھر سعودی عرب سمیت دیگر مسلم ممالک میں عید الفطر کل اتوار 19 اگست کو منائی جائے گی۔ اس سے قبل جمعہ کو سعودی عرب سمیت قطر، کویت اور اردن میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا اور ان ممالک میں عیدالفطر 19 اگست بروز اتوار کو منانے کا اعلان کیا گیا۔ سعودی عرب میں چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس سے قبل سعودی علما نے چاند دیکھنے کیلئے شہریوں سے اپیل کی تھی تاہم چاند نظر آنے کی کوئی شہادت نہیں ملی جس کے بعد علما کی جانب سے باقاعدہ طور پر عید الفطر اتوار کو ہونے کا اعلان کردیا گیا۔ برطانیہ سمیت یورپ کے اکثر ممالک میں عید الفطر اتوار کو منائی جائے گی۔ لندن کی ریجنٹ پارک اور ایسٹ لندن مساجد نے تصدیق کی ہے کہ برطانیہ میں عید الفطر اتوار کو منائی جائے گی۔ اس کے علاوہ یورپ کے مختلف ممالک میں کیلنڈر اور سعودی عرب کی پیروی کرنے والے بھی اتوار کو عید منائیں گے۔ اس موقع پر عید نماز کے بڑے بڑے اجتماعات ہونگے جن میں مسلمان نماز عید ادا کرنے کے علاوہ اپنے گناہوں کی معافی کے علاہ مسلم امہ کی بھلائی اور عالم اسلام کے لئے خصوصی دعائیں مانگیں گے۔