ملک میں بجلی ،گیس اور بے روزگاری کے بڑھتے ہوئے سیلاب نے عوام کی خوشیاں ڈبو دی ہیں، چوہدری خورشید زمان ، روحیل اکبر

تحریک تحفظ پاکستان کے سیکریٹری جنرل چوہدری خورشید زمان اور جوائنٹ سیکریٹری اطلاعات روحیل اکبر نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی ،گیس اور بے روزگاری کے بڑھتے ہوئے سیلاب نے عوام کی خوشیاں ڈبو دی ہیں جبکہ پاکستان کے سترہ کروڑ عوام کو پانچ سالوں میں حکمرانوں نے مفاہمت کے نام پر بیوقوف بنا رکھا ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کے دلوں میں اگر غریبوں کے لیے تھوڑا سا بھی درد ہوتا تو آج پاکستان کی معیشت اور ادارے تباہ برباد نہ ہوتے بلکہ ملک ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکا ہوتا مگر بدعنوان اور اتحادی حکمران عوام اور ملک پر ایک بوجھ ہیں جسے اب ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے اتارنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور اب مسائل سے نجات کیلئے بدعنوان ٹولے سے مستقل طورپر جان چھڑانا ہوگی تاکہ سیاستدانوں کے روپ میں کالی بھیڑوں سے ملک کی عزت محفوظ رہے۔