ملک کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار

Pakistan Fog

Pakistan Fog

پاکستان (جیوڈیسک) ملک کے مختلف علاقوں میں شدید سردی کی لہر برقرار ہے، دھند کے باعث موٹروے کو مختلف مقامات پر بند کر دیا گیا۔ اسلام آباد ایئر پورٹ پر بھی پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا ہے۔

پاکستان کے بیشتر علاقوں میں اس وقت موسم سرد ہے اور درجہ حرارت نقطہ انجماد تک گر گیا ہے۔ بعض علاقوں میں ٹھنڈی ہوائیں بھی چل رہی ہیں۔ اسلام آباد ، لاہور اور پشاور میں شدید دھند کے باعث نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے۔ شدید دھند کے باعث لاہور سے کوٹ مومن اور پشاور سے اسلام آباد تک موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا ہے۔

دھند نے پروازوں کا شیڈول بھی متاثر کر رکھا ہے۔ اسلام آباد ایئر پورٹ پر پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ جاری ہے۔ دبئی اور افغانستان سے اسلام آباد آنے والی چار پروازوں کو لاہور اتار لیا گیا ہے۔ تمام مسافروں کو اب بسوں کے ذریعے اسلام آباد بھیج دیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا دورانیہ 16 سے 20 گھنٹے تک رہنے کا امکان ہے۔ آئندہ چند روز کے دوران راولپنڈی اسلام آباد، لاہور سمیت پنجاب اور خیبرپختونخوا کے میدانی علاقوں ، سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔