ممبئی حملہ کیس : پاک بھارت مذاکرات کا دوسرا دور ختم

Mumbai Attacks Case

Mumbai Attacks Case

ممبئی حملہ کیس میں جوڈیشل کمیشن کے معاملے پر پاک بھارت مذاکرات کا دوسرا دور ختم ہو گیا ، تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد جنوری کے آخر میں کمیشن کی بھارتی روانگی متوقع ہے۔

اسلام آباد مذاکرات میں بھارتی وفد کی قیادت جوائنٹ سیکریٹری وزارت داخلہ امور دھرمندر شرما جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے خالد قریشی نے کی۔ ذرائع کے مطابق بھارتی وفد نے جوڈیشل کمیشن کے بھارت جانے کی حتمی رپورٹ پر دستخط کر دیئے۔ بھارتی وفد رپورٹ اپنی حکومت کو پیش کرے گا اور بھارتی حکومت جوڈیشل کمیشن کے بھارت کے دورے کا شیڈول جاری کرے گی جس کے بارے میں پاکستان کو تحریری طور پر آگاہ کیا جائے گا۔

ممبئی ہائیکورٹ کے چیف جسٹس جوڈیشل کمیشن کے لئے ایک مجسٹریٹ بھی تعینات کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے ملنے والا تحریری مراسلہ انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش کیا جائے گا اور انسداد دہشتگردی کی حتمی منظوری کے بعد جوڈیشل کمیشن چار گواہوں پر جرح کے لئے بھارت روانہ ہوگا۔

تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد جنوری کے آخر میں جوڈیشل کمیشن کی بھارتی روانگی متوقع ہے۔