مہنگائی کے باعث آرائشی اشیا کی خریداری کے رجحان میں کمی

Sofa

Sofa

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں مہنگائی کے سبب متوسط طبقے میں آرائشی اشیا کی خریداری کے رجحان میں تیزی سے کمی واقع ہورہی ہے۔

متوسط طبقے کے گھرانے اب مصنوعی چمڑے اور ریگزین سے تیار کردہ صوفوں کی خریداری کے بجائے کم قیمت پر دستیاب لکڑی کے بنے ہوئے صوفے خریدنے کو ترجیح دیتے ہیں، ریگزین اور مصنوعی چمڑے سے تیار کردہ صوفے مہنگے ہونے کے باعث اب ان کی خریداری کے رجحان میں 70 فیصد کمی واقع ہوگئی ہے، جس کی وجہ سے اس پیشے سے منسلک کاریگر اس کام کو خیر آباد کہہ کر دیگر پیشوں سے منسلک ہورہے ہیں، مہنگے صوفوں کی خریداری صرف امیر اور کاروباری طبقہ اپنے گھروں اور دفاتر میں استعمال کے لیے کرتا ہے۔

فیڈرل کیپٹل ایریا میں اس پیشے سے منسلک ماہر کاریگر فیاض احمد نے بتایا کہ وہ اس پیشے سے تقریباً 25 سال سے وابستہ ہے، ریگزین اور مصنوعی چمڑے سے تیار کیے جانے والے صوفے کے کارخانے لیاقت آباد، نرسری، منظورکالونی اور محمود آباد میں واقع ہیں، آج سے تقریباً 15 برس قبل ان صوفوں کی تیاری کے لیے شہر میں 150 سے زائد کارخانے تھے۔