میانمر فسادات سے90 ہزار نقل مکانی کر چکے ہیں: اقوام متحدہ

Myanmar violence

Myanmar violence

میانمر : (جیو ڈیسک) اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ میانمر کے مغربی علاقے میں بدھ مسلم فسادات سے اب تک 90 ہزار سے زائد افراد نقل مکانی کر چکے ہیں۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطابق میانمر کی ریاست ریکھائن میں تین مسلمانوں کی جانب سے بدھ خاتون کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے سے بدھ مسلم فسادات پھوٹ پڑے اور اب تک انتقامی حملوں میں پچاس سے زائد لوگ مارے جا چکے ہیں۔ نقل مکانی کرنے والے بیشتر لوگوں نے بنگلہ دیش میں پناہ لے رکھی ہے۔

اقوام متحدہ کے عالمی ادارہ برائے خوراک نے کہا ہے کہ اس نے گزشتہ ہفتہ 66 ہزار افراد کو ہنگامی غذائی امداد مہیا کی ہے جو کہ مجموعی نقل مکانی کرنے والے افراد کا دو تہائی حصہ ہیں۔ دریں اثنا بدھ خاتون کو جنسی زیادتی کے بعد قتل کرنے والے دو مسلمان ملزموں کو سزائے موت سنائی جا چکی ہے جبکہ تیسرا جیل میں مر گیا تھا۔ گزشتہ ماہ خاتون کے قتل کے واقعہ کے بعد مشتعل بدھ افراد نے بس پر حملہ کیا تھا جس میں 10 مسلمانوں ہلاک ہوگئے تھے جس کے بعد ریکھائن کے گلی کوچوں میں بدھ مسلم فسادات پھوٹ پڑے تھے۔