نامور صحافی اور کشمیری رہنما شبیر مغل وزیر اعظم آزاد کشمیر کے معاون مقرر

shabir mughal

shabir mughal

گوجرانوالہ (مرزاشبیر بیگ ،سردارصادق،شہباز جنجوعہ،قیصر جنجوعہ اور نصیر شانی سے )روزنامہ پاکستان کے ڈویژنل بیورو چیف ،اے ٹی وی کے خصوصی نمائندے اور مقبول کشمیر ی رہنما شبیر حسین مغل کے وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری عبدالمجید کا معاون خصوصی مقرر ہونے پر کشمیری عوام اور گوجرانوالہ شہر کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔گذشتہ روزجب معاون خصوصی شبیر مغل اپنے آبائی علاقے پہنچے تو سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے میں شریک لوگوں نے انکا شاندار استقبال کیا ۔ مظفر آباد سے گوجرانوالہ آتے ہوئے استقبالیہ نوجوانوں نے انکے قافلے کو وزیر آباد بائی پاس کے قریب خوش آمدید کہا۔

وزیر آباد سے انہیں سینکڑوں گاڑیوں کے قافلے میں گکھڑ،راہوالی ، ڈھینگرانوالی ،کشمیر کالونی اور اقبال ٹاؤن سے گزرتے ہوئے سردار صادق چوک میں بڑے جلوس کی شکل میں پہنچایا گیا۔راستے میں کئی جگہوں پر اہل علاقہ نے انکے قافلے کو روک کر استقبالیہ نعروں کے ساتھ انہیں خوش آمدید کہا۔جی ٹی روڈ سے گزرتے ہوئے راہوالی چوک کے قریب عوامی رش کی وجہ سے روڈ کچھ دیر کیلئے بلاک ہوئی لیکن قافلے کے منتظمین نے فوری طور پر ٹریفک کو رواں دواں کردیا۔جی ٹی روڈ پرراہوالی چوک میںایک بہت بڑا استقبالی بورڈ آویزاں تھا جس پر خوش آمدید کے نعرے درج تھے۔راہوالی چوک میں معززین ِعلاقہ نے نعروں کی گونج میں شبیر مغل کا استقبال کیا انہیں پھولوں کے ہارپہنائے۔گکھڑ،راہوالی سے لیکر کشمیر کالونی تک استقبالی بینزز،بڑے بورڈز،اشتہارات اور جھنڈوں سے راستے کو سجایا گیا تھا۔

ڈول کی تھاپ پر استقبالیہ قافلے کو جلوس کی شکل میں انکے آبائی محلے کشمیر کالونی پہنچایا گیا جہاں اہل علاقہ نے گھروں کی چھتوں سے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیںاور پھولوں کے ہار پہنائے،اس موقع پرنوجوانوں نے انہیں کندھوں پر اٹھاکر ڈول کی تھاپ پر ڈانس کیا۔موٹر سائیکل سوار نوجوانوں کی بڑی تعداد بھی استقبالیہ قافلے میں شریک تھی۔وزیر اعظم آزاد کشمیر کے معاون خصوصی شبیر مغل کا تعلق پیپلز پارٹی سے ہے لیکن جب وہ اپنے آبائی علاقے میں پہنچے تو پیپلز پارٹی کی مقامی قیادت اورکارکنوں کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ ن، قائد لیگ ، تحریک انصاف اور دیگر سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی انکے استقبال میں بھرپور شریک ہوئی۔

اس مشترکہ اور شانداراستقبال پر یہ کہا جاسکتا ہے کہ شبیر مغل کے معاون خصوصی بنائے جانے کے فیصلے کوعلاقے کی تمام سیاسی اور مذہبی قیادت اور کارکنوں کی طرف سے سراہا گیا ہے۔