اختر شریف،صابرحسین فن قوالی کی شاندارخدمات کا صلہ پانے میں کامیاب

گوجرانوالہ:گوجرانوالہ میں صوفیائے اکرام کے کلام کو منفرد انداز میں پیش کرنے والے خالص قوال گھرانے کے چشم و چراغ اختر شریف و صابر حسین قوال( اروپ والے ) قومی و بین الاقوامی شہرت کا ملکہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ فن قوالی کی شاندار خدمات کا صلہ پانے میں بھی کامیا ب رہے ہیں۔ جنہیں گورنر ہاوس پنجاب میں تمام تر شعبہ ہائے زندگی میں کار ہائے نمایاں سر انجام دینے والی ناز آفریں شخصیات کے ہمراہ یوم پاکستان کے موقع پر صدر پاکستان آصف علی زرداری کی جانب سے ”تمغٔہ امتیاز ” سے نوازا گیا ہے ۔ صدارتی ایوارڈ ملنے پر گوجرانوالہ کے ادبی حلقوں نے اختر شریف و صابر حسین قوال کی ” فن قوالی ” میں شاندار خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ حلقوں نے مزید کہاہے کہ 1955ء سے پہلی بار اپنے والد کیساتھ قوالی کی ابتداء کرنے والے ان دونوں بھائیوں نے مختصر عرصہ میں 1964ء سے ریڈیو پاکستان تک رسائی حاصل کر لی تھی ۔ دونوں بھائیوں کی اس جوڑی نے جس طرح قوالی کے فن کی آبیاری کی اس سے ایک مرتبہ پھر نا صرف قوالی کا فن بلکہ ان کے والد اور ماہر استاد قوال بخشی سلامت کا نام زندہ ہو کر رہ گیا ۔ یاد رہے کہ اختر شریف اور صابر حسین قوال کو یہ اعزاز بھی بطور خاص حاصل رہا ہے کہ انہیں بین الاقوامی شہرت یافتہ نصرت فتح علی خان مرحوم سمیت ملک کے مایہ ناز ماہرین قوالی کی نجی محافل میں بطور حاص حقیقی اور منفرد قوالی کیلئے مدعو کیا جاتا رہا۔ تاہم ادبی حلقے شائقین قوالی اور ان کے پرستاروں نے انہیںصدارتی ایوارڈ ملنے پر گہرے اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔