نواز شریف کو سیاست چھوڑ دینی چاہئے،عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

لاہور(جیوڈیسک)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس کے فیصلے کے بعد نواز شریف کو سیاست چھوڑ دینی چاہئے۔ پیپلز پارٹی اپنے صدر کو بچانے کے لئے آزاد عدلیہ کو تباہ کررہی ہے۔

شوکت خانم کینسر ہسپتال کے گیارہویں کینسر سمپوزیم کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھ پر اگر آئی ایس آئی سے ایک پیسہ بھی رشوت لینے کا الزام ثابت ہوجائے تو میں ساری عمر کے لئے سیاست چھوڑ دوں گا اور اب نواز شریف کو چاہئے کہ وہ سیاست سے دستبردار ہوں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کا ہسپتال انسانی کینسر اور ان کی جماعت تحریک انصاف ملک میں پھیلی کرپشن کے کینسر کے خاتمے کے لئے کام کر رہی ہے اور آئندہ سال جب شوکت خانم ہسپتال کا سمپوزیم ہوگا تو ملک میں کرپشن کاکینسر ختم ہوچکا ہوگا اور اس وقت نئے پاکستان میں سمپوزیم کی تقریب ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ بڑی جدوجہد سے عدلیہ آزاد ہوئی ہے اور اب پیپلز پارٹی عدلیہ کو تباہ کرنے کی سازشیں کررہی ہے۔عمران خان کا کہنا تھا کہ پارٹیوں سے لوگ آتے جاتے رہتے ہیں ۔ تحریک انصاف کے سونامی کو کوئی روک نہیں سکے گا۔