نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے لئے برساتی نالوں پر سے رکاوٹوں کا خاتمہ کیا جائے ، نشاط ضیاء قادری

کراچی (محمد ارشد) شاہ فیصل ٹاؤن میں متوقع برسات کے پیش نظر ہنگامی پلان ترتیب دے دیا گیا ،رین ایمرجنسی سینٹر فعال ،برساتی نالوں اور سیوریج فلو کی درستگی کے حوالے سے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری کی ہدایت پر TMA شاہ فیصل اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ نے انتظامات تیز کردیئے ہفتہ اور اتوار کو تعطیل کے باجوود نکاسی آب کے نظام کی بہتری کے حوالے سے انتظامات جاری رکھے جائیں گے۔ حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری نے کہا ہے کہ برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں پر قائم تعمیراتی و تجاوزات کا خاتمہ کر کے نکاسی آب کے نظام میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے تاکہ برساتی نالوں کی افادیت کو قائم رکھ کر صحت مند ماحول کے ساتھ نکاسی آب کے نظام کو بھی درست بنایا جا سکے۔

ان خیالات کا اظہار حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط ضیاء قادری نے ایڈمنسٹریٹر کمال مصطفی اور متعلقہ افسران کے ہمراہ شاہ فیصل ٹائون کی مختلف یونین کونسل کا تفصیلی دورہ کرکے صفائی و ستھرائی ، علاقائی ترقیاتی منصوبوں پر کاموں اور رین ایمرجنسی کے حوالے سے TMA شاہ فیصل اور واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کی جانب سے ترتیب دیئے گئے انتظامات کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ نکاسی آب کے انتظامات کی بہتری کے حوالے سے اقدامات تیز کئے جائیں اسے پورے ٹاؤن تک پھیلا کر گلیوں اور محلوں کی سطح پر عوام کو دوران برسات مسائل سے چھٹکارہ دلا نے کے لئے چھوٹے بڑے برساتی نالوں اور سیوریج لائنوں کی صفائی کو یقینی بنا کر نکاسی آب کے سسٹم کو بہتر کیا جائے۔ اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر کمال مصطفی نے حق پرست رکن صوبائی اسمبلی نشاط محمد ضیاء قادری کو TMAشاہ فیصل ٹاؤن کی جانب سے متوقع برساتی صورتحال سے نمٹنے کے لئے رین یمرجنسی پلان پر تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شاہ فیصل ٹاؤن نکاسی آب کے مسائل کے حوالے سے گرین ٹاؤن ،گولڈن ٹاؤن ، ناتھا خان گوٹھ ، عظیم پورہ سمیت ملحقہ علاقوں میں ہنگامی بنیادوں واٹر بورڈ کے تعاون سے سیوریج فلو کی درستگی کا کام انجام دیا جارہا ہے۔

برساتی نالوں کی صفائی کے حوالے سے گزشتہ ایک ہفتے سے شاہ فیصل ٹائون کے متعدد بڑے نالوں پر صفائی کا عمل جاری ہے اور انشاء اللہ ہفتہ اور اتوار کی تعطیل کے باوجود صفائی کے کام کو جاری رکھ کر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنایا جائے گا۔

ایڈمنسٹریٹر کمال مصطفی نے کہاکہ شاہ فیصل ٹاؤن کے مکینوں کو برسات کے دوران بروقت سہولیات کی فراہمی اور علاقائی مسائل کے حوالے سے شکایات کے فوری ازالے کے لئے ٹاؤن آفس سمیت تمام یونین کونسل میں شکایتی مرکز (رین ایمرجنسی سینٹر)24گھنٹے فعال ہوجائے گا انہوں نے بتا یا کہ متوقع برساتی صورتحال سے نمٹنے کے لئے شاہ فیصل ٹائون میں تمام تر تیاریاں مکمل ہیں اور انشاء اللہ عوامی تعاون کے ذریعے دوران برسات مسائل سے پاک معاشرے کا قیام ممکن بنایا جائے گا۔

Shah Faisal Town M Zia Qadri

Shah Faisal Town M Zia Qadri