ولیمز سسٹرز، ماریا شراپووا اور نالی کی فتوحات جاری

williams sister

williams sister

ٹینس ٹورنامنٹ : (جیو ڈیسک)ولیمز سسٹرز، ماریا شراپووا اور نالی اپنے اپنے میچ جیت کر روم ماسٹرز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں پہنچ گئیں۔ سمانتھا سٹوسر، اینا ایوا نووچ اور چینلی سچیپرز شکست کے بعد ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئیں۔ روم میں جاری ایونٹ میں کھیلے گئے ویمنز سنگلز ایونٹ کے پہلے پری کوارٹر فائنل میچ میں امریکی ٹینس سٹار اور سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے سپین کی اینا بیل کو با آسانی سٹریٹ سیٹس میں 6-3 اور 6-1 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔

دوسرے پری کوارٹر فائنل میچ میں وینس ولیمز نے عمدہ کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کی سمانتھا سٹوسر کو سٹریٹ سیٹس میں 6-4 اور 6-3 سے زیر کر کے ایونٹ سے باہر کر دیا۔ تیسرے پری کوارٹر فائنل میں روسی ٹینس سٹار ماریا شراپووا نے سربیا کی اینا ایوا نووچ کو سخت مقابلے کے بعد 7-6 اور 6-3 سے شکست دے کر کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی جبکہ چین کی نا لی نے عمدہ کارکردگی کی بدولت چینلی سچیپرز کے خلاف فتح سمیٹی۔