ٹی 20ورلڈکپ: شاہینوں نے دھو ڈالا، آسٹریلیا کو32 رنزسے شکست

Raza Hasan

Raza Hasan

کولمبو( جیو ڈیسک) پاکستان نے ٹی20ورلڈکپ میں آسٹریلیا کو32 رنز سے شکست دے دی ہے۔ پاکستانی اسپنرز کی بہترین کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا مقررہ بیس اوورز میں7 وکٹوں کے نقصان پرصرف 117 رنز بنا سکا۔

پاکستان کی جانب سے دیئے گئے150رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا ، پاکستانی اسپنرز کے مقابلے میں آج آسٹریلوی بلے بازوں کی ایک نہ چلی، آسٹریلیا کو پہلا نقصان چوتھے اوورمیں اٹھانا پڑا جب شین واٹسن 8رنز بنا کررضا حسن کی گیند پر ایل بھی ڈبلیو ہوئے جبکہ دوسرے اوپنرڈیوڈ وارنر بھی 8رنز بنا کرمحمد حفیظ کی گیند پر ایل بھی ڈبلیو
ہوگئے۔

مائیک ہسسی نے پاکستانی باؤلرز کا مقابلہ کیا اور ناقابل شکست 54 رنز بنائے، تاہم دوسری جانب سے کوئی دوسرا بلے باز ان کا ساتھ دینے میں ناکام رہا اورآسٹریلیا کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔

جارج بیلی15،کیمرون وائٹ12،گلین میکس ویل4، میتھیو ویٹ13اورپیٹ کمنس بغیر کوئی رن بنائے آوٹ ہوئے، مچل اسٹاک صرف ایک رن بناسکے۔

سعید اجمل نے 3جبکہ رضا حسن اور محمد حفیظ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ مقررہ بیس اوورز میں سے 18اوورزاسپنرز نے کرائے جبکہ فاسٹ باؤلرز میں سے صرف عمر گل نے ہی دو اوورز کرائے۔

شکست کے باوجود آسٹریلیا سیمی فائنل میں پہنچ گیا ہے جبکہ پاکستان کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ بھارت بمقابلہ جنوبی افریقا میچ کے نتیجے پرہے۔ اسپنر رضاحسن مین آف دی میچ قرار پائے۔