پارلیمنٹ کی سفارشات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا۔ گیلانی

gilani

gilani

اسلام آباد: (جیو ڈیسک) وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی سفارشات پر مکمل عمل درآمد کیا جائے گا پاکستان کی خودمختاری پر سمجھوتا نہیں کرینگے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ قومی مفاد نے ہمیشہ ثابت کیا کہ قوم متحد ہے اور تمام سیاسی جماعتیں مبارکباد کی مستحق ہیں کہ پہلی بار خارجہ اور قومی سلامتی کے امور پارلیمنٹ میں زیربحث آئے۔

وزیراعظم نے کہا کہ سلالہ حملے سے سبق سیکھا، فورا پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس بلایا۔ شمسی ایئربیس خالی کرائی اور نیٹو سپلائی بند کر دی۔ وزیراعظم گیلانی نے کہا کہ دنیا بتائے پاکستان سے زیادہ دہشت گردی کی جنگ کی قیمت کس نے ادا کی۔ امریکا پاکستان کی خودمختاری کا احترام کرے۔ وزیراعظم نے کہاکہ افغان مسئلے کا حل صرف مفاہمت کے ذریعے ممکن ہے۔ مستحکم اور خودمختار افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔ وزیراعظم نے یقین دلایا کہ پاکستان اپنی خودمختاری پر سمجھوتا نہیں کرے گا۔ پارلیمنٹ کی سفارشات پر مکمل عمل کیا جائے گا۔