پاور سیکٹر کو اضافی گیس فراہم کی جارہی ہے ،عارف حمید

Arif Hameed

Arif Hameed

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) سوئی نادرن گیس کمپنی کے ایم ڈی عارف حمید نے کہا ہے حکومتی ترجیحی کے باعث پاور سیکٹر کو معاہدے کے علاوہ بھی بیاسی ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جارہی ہے۔ ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید کا کہنا تھا سالانہ مرمت کے لئے گیس فلیڈزکی بندش کے باعث پانچ سو ایم ایم سی ایف ڈی شارٹ فال کا سامنا ہے جو عام طور پر چار سو پچاس ایم ایم سی ایف ڈی ہوتا ہے۔

عارف حمید نے بتایا کمپنی پاور سیکٹر کو تین سو سترایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کررہی ہے۔ فراہمی معمول پر آنے کے بعد اس میں پچاس ایم ایم سی ایف ڈی گیس کا اضافہ کیا جائے گا جس سے بجلی کا بحران مزیدکم ہوگا۔ انھوں نے کہا فرٹیلائزر پلانٹس کوفی الحال سپلائی روک دی ہے۔ ٹیکسٹائل اور سی این جی سیکٹر کو بلترتیب ہفتے میں پانچ اور چار دن گیس فراہم کی جارہی ہے۔

لائن لاسز کے بارے میں انھوں نے بتایا سال دو ہزارگیارہ میں لائن لاسز بارہ اعشاریہ سات فی صد تھے جو رواں سال کم ہو کرگیارہ فیصد ہو گئے اور ان میں مزید کمی کی کوشش جاری ہے۔