پاکستان اور روس میں نئے تعلقات کا آغاز ہو رہا ہے: حنا ربانی کھر

Hina Rabbani

Hina Rabbani

پاکستان(جیوڈیسک)وزیر خارجہ حنا ربانی کھر سے روسی ہم منصب سرگئی لوروف کی اہم ملاقات ہوئی جس میں عالمی،علاقائی چیلنجوں، باہمی تعلقات اور دفاعی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

روسی ہم منصب سرگئی لاروف کے ہمراہ مشترکہ پریس سے خطاب میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ روس کے ساتھ تعلقات پر ملک میں اتفاق رائے موجود ہے۔ پاکستان اور روس میں نئے تعلقات کا آغاز ہو رہا ہے۔ یہ پاکستان اور روس کے تعلقات کی صدی ہے۔ حنا ربانی کھر کا کہنا تھا کہ روسی ہم منصب کے ساتھ ملاقات میں باہمی تعلقات، دفاعی پیداوار، عالمی اور علاقائی چیلنجوں پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ پاکستان اور روس بین الاقوامی چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے اہم کردار ادا کرسکتے ہیں. روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف کا کہنا تھا کہ پاکستان میں پرتپاک استقبال اور گرم جوش مہمان نوازی پر میزبانوں کا شکر گزار ہوں. پاکستان سے مشرق وسطی, افغانستان اور ایران کے جوہری پروگرام پر بات چیت ہوئی ہے۔

افغان امن عمل کے سلسلے میں پاکستان اور روس کے درمیان مکمل ہم آہنگی پائی جاتی ہے. ان کا کہنا تھا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کو موثر بنانے کیلئے پاک روس تعاون اہم ہیں. دونوں ممالک میں استحکام کیلئے اعلی سطح پر رابطے جاری ہیں. روسی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کی پارلمینٹس کے درمیان بھی رابطے کی ضرورت ہے. اس سے قبل وزارت خارجہ اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں پاک روس تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ملاقات میں انسداد دہشت گردی، خطے کی صورتحال پربات چیت کے علاوہ زراعت، سائنس وٹیکنالوجی، سٹیل ملز توسیعی منصوبے، ریلوے بوگیوں کی تیاری اور ٹاپی گیس پائپ لائن منصوبے پر بھی غور کیا گیا۔ ملاقات میں دیامیر بھاشا ڈیم کی تعمیرکے حوالے سے روسی تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔