پاکستان میں خواتین ہر شعبہ میں مردوں سے پیچھے

Pakistani women

Pakistani women

یواین ڈی پی(جیوڈیسک)زندگی کے ہرشعبے میں مردوں سے پیچھے پاکستانی خواتین صرف شرح اموات میں ان سے آگے ہیں۔

اقوام متحدہ کے ادارے یواین ڈی پی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں خواتین ہرشعبہ میں مردوں سے پیچھے ہیں مگرشرح اموات میں مرد خواتین سے پیچھے ہیں۔ پاکستان میں اعلی انتظامی ملازمتوں میں مردوں کے مقابلے میں عورتوں کا حصہ محض تین فیصد ہے۔ مردوں میں شرح خواندگی اکاون فیصد اور خواتین میں اٹھائیسں فیصد ہے۔ پرائمری سکولوں میں لڑکوں کی انرولمنٹ اسی فیصد اور خواتین کی چونسٹھ فیصد ہے۔

پاکستان میں انہتر فیصد محنت کش مردوں کے مقابلے میں صرف گیارہ فیصد خواتین ہی محنت مزدوری کرتی ہیں۔ مگر بدقسمتی سے ایک سے چار سال تک کی لڑکیوں کی شرح اموات لڑکوں سے بارہ فیصد زیادہ ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں زچگی کے دوران ایک لاکھ عورتوں میں سے تین سوچالیس موت کی آغوش میں چلی جاتی ہیں۔ سب سے بڑھ کر یہ کہ پاکستان میں خواتین کی اوسط عمر بھی مردوں سے کم ہے۔