پاکستان میں ڈرون حملے، برطانیہ میں مقدمہ

William Hague

William Hague

لندن : (جیو ڈیسک) برطانیہ میں انسانی حقوق کے وکلاء آج وزیرِ خارجہ ولیم ہیگ کے خلاف پاکستان میں ڈرون طیاروں سے حملے کرنے میں مبینہ خفیہ معلومات کے ذریعے امریکہ کو مدد فراہم کرنے سے متعلق اپنا مقدمہ پیش کریں گے۔ یہ مقدمہ لندن کی ہائی کورٹ میں ہوگا جسے نور خان دائر کررہے ہیں جن کے والد امریکی ڈرون طیارے کے ایک حملے میں ہلاک ہوگئے تھے۔ وکلاء کی ایک کمپنی لیہڈے اینڈ کو، کے وکلاء کا کہنا ہے کہ سویلین انٹیلی جنس افسران جنہوں نے امریکہ کو معلومات فراہم کیں وہ اس مقدمہ میں ثانوی مدعا علیہ ہوں گے۔

وزارتِ خارجہ نے اس مقدمہ پر یہ کہہ کر تبصرہ کرنے سے انکار کردیا ہے کہ یہ معاملہ عدالت میں زیرِ التوا ہے۔اس مقدمہ میں عالمی امدادی تنظیم ریپریو کے وکلاء بھی شامل ہیں جو یہ وضاحت کرنے کی کوشش کریں گے کہ ایسے معاملات میں امریکہ کی مدد کرنے کے لیے برطانیہ کی کیا پالیسی ہے۔ لیہڈے اینڈ کو کا کہنا ہے کہ نور خان کے والد ملک داؤد، شمال مغربی پاکستان کے قبائلی علاقے میں بزرگوں کی کونسل کے رکن تھے اور جب ڈرون طیارے سے حملہ ہوا تو وہ ایک اجلاس میں شریک تھے۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ ان کے پاس ٹھوس اور ناقابل تردید شواہد موجود ہیں کہ ولیم ہیگ نے برطانوی خفیہ معلومات کی فراہمی کی پالیسی کو نظرانداز کرتے ہوئے انہیں امریکی فورسز کو دیں جو شدت پسندوں کے خلاف ڈرون حملوں کی منصوبہ بندی کرتی ہیں۔
اس مقدمہ میں یہ ثابت کرنے کی کوشش بھی کی جائے گی کہ پاکستان بین الاقوامی تنازع میں شامل نہیں ہے۔ شمالی وزیرستان میں ہونے والے ایک ڈرون حملے میں چالیس افراد ہلاک ہوئے تھے جس میں خیال کیا جاتا ہے کہ ملک داؤد بھی شامل تھے تاہم آزاد ذرائع سے تعداد کی تصدیق نہیں ہو سکی تھی کیونکہ نامہ نگار کو متاثرہ علاقے تک سفر کرنے کی حکام نے اجازت نہیں دی تھی۔ دہشت گردی کے خلاف امریکی جنگ میں بغیر پائلٹ یا ڈرون طیارے امریکہ کا انتہائی اہم ہتھیار ہیں جن سے مبینہ شدت پسندوں کے ٹھکانوں پر حملے کیے جاتے ہیں۔ تاہم کئی پاکستانی ایسی کارروائیوں کو اپنے ملک کی خودمختاری کی صریحاً خلاف ورزی اور شہریوں کی ہلاکت کا سبب سمجھتے ہیں۔