پرویز مشرف کی جماعت کو پاکستان میں بین کر کے مشرف کو مستقل طور پر نااہل کیا جائے، میاں عبدالوحید سابق ایم این اے

لاہور (پ ر) سابق رکن قومی اسمبلی میاں عبدالوحید نے کہا ہے کہ سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے ابھی تو صرف اپنے ایک گناہ کی معافی مانگی ہے جبکہ اسکے ماتھے پر لال مسجد میں شہید ہونے والے بے گناہ مسلمانوں اور اکبر بگٹی کے قتل کا خون بھی نمایا ں ہے اس لیے پرویز مشرف کی جماعت کو پاکستان میں بین کرکے مشرف کو مستقل طور پر نااہل کیا جائے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے اپنی امرانہ سوچ اور کارناموں کی بدولت ملک کا بیڑہ غرق کیا اوراسی کے سیاہ کاموں کی بدولت ملک میں خود کش حملوں کی ابتداء ہوئی۔

جبکہ ایک سابق امریکی سفیر نے اس بات کا انکشاف بھی کیا تھا کہ سابق صدر مشرف نے 2002ء کے الیکشن میں دھاندلی کرکے اپنی مرضی کے نتائج حاصل کیے تھے اور اس وقت چوہدری شجاعت کے کہنے پر ملک بھرمیں الیکشن کے نتائج بھی تبدیل کردیے گئے تھے انہوں نے کہا کہ جنرل کیانی نے ملک میں جمہوریت کو بہت سپورٹ کیا اس لیے انکی مدت ملازمت میں ایک سال کی مزید توسیع کی جائے میاں عبدالوحید نے مزید کہا کہ پاکستان میں ہونے والی جی ایٹ کانفرنس سے ملک میں خوشحالی کا ایک نیا دور شروع ہوگا۔