پٹواریوں کے جلسوں سے حکومت نہیں جائیگی، عمران خان

imran khan

imran khan

اسلام آباد : (جیو ڈیسک)تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے نواز شریف سے کہا ہے کہ پٹواریوں کے جلسوں سے حکومت نہیں جائیگی ۔اگر نواز شریف اصلی شیر ہیں تو کراچی اور کوئٹہ میں جلسہ کر کے دکھائیں ۔ اصلی شیر ہیں تو اسمبلیوں سے باہر آ جائیں ،آج کی ریلی سونامی مارچ کی تیاری ہے ،سزا یافتہ وزیراعظم کے حق میں قراردادکی منظوری باعث شرم ہے۔

اسلام آباد میں عدلیہ سے اظہار یکجہتی کیلئے تحریک انصاف نے چائنا چوک سے ڈی چوک تک ریلی نکالی ۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے نواز شریف سے کہا ہے کہ اگر آپ اصلی شیر ہیں تو اسمبلیوں سے باہر آجائیں ۔ پنجاب میں نئے انتخابات ہوں گے تو پورے ملک میں ہوں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ عدلیہ کا فیصلہ نہ مانا گیا تو سونامی مارچ حکمرانوں کو بہا کر لے جائے گا ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ میں سزا یافتہ وزیراعظم کے حق میں قرارداد کی منظوری شرمناک ہے ۔ تحریک انصاف کے چیئرمین نے اعلان کیا کہ وہ اے پی ڈی ایم کی تمام جماعتوں کے پاس جائیں گے۔ اس سے پہلے شاہ محمود قریشی اور جاوید ہاشمی نے بھی ریلی سے خطاب کیا۔ ریلی کے شرکا میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد بھی شریک تھی ۔ریلی کے شرکا بھنگڑے ڈالتے بھی نظر آئے۔