پہلی ترجیح شفاف انتخابات کرانا ہیں، فخرالدین جی ابراہیم

Fakhruddin G Ibrahim

Fakhruddin G Ibrahim

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) چیف الیکشن کمشنر عہدہ کیلئے نامزد کئے جانے والے سینئر قانون دان جسٹس ریٹائرڈ فخرالدین جی ابراہیم کو آج سپریم کورٹ آنے پر ججز کی طرف سے بھی مبارک بادیں ملی ہیں، انہوں نے کہا ہے کہ ان کی پہلی ترجیح شفاف انتخابات کرانا ہیں اور وہ اپنی زندگی کے آخری سالوں کو ملک کی بہتری کیلئے استعمال کریں گے ۔

فخرالدین جی ابراہیم نے آج سپریم کورٹ میں جیونیوز سے گفت گو میں کہاکہ چیف الیکشن کمشنر بننے کیلئے تیار ہیں تاہم ابھی انہیں اس منصب کیلئے سرکاری طور پر اطلاع نہیں ملی ہے، انہوں نے کہاکہ وہ بار بار کہتے رہے ہیں کہ عوام تکلیف میں ہیں ، اسمبلیوں کی مدت4 سال ہونی چاہیئں، انہوں نے کہاکہ شفاف الیکشن کیلئے میڈیا اور سول سوسائٹی کو بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔

بعد میں وہ سرکولرڈیبٹ سے متعلق آئی پی پیز کے مقدمہ کی پیروی کیلئے عدالت میں پیش ہوئے تو جسٹس تصدق جیلانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے بھی انہیں مبارک باد دی، اس پر فخرالدین جی ابراہیم نے جوابی اظہار میں کہاکہ میں 86 برس کا ہوگیا ہوں، زندگی آخری سالوں کی چل رہی ہے،اس موقع کو ملک کی بہتری کیلئے استعمال کروں گا، ملک کا مستقبل روشن ہے، اندھیروں والا دور گزر گیا ہے، شفاف الیکشن ہوں تو ملکی تقدیر بدل سکتی ہے، اب بھی شفاق انتخابات نہ ہوئے تو تباہی ہوگی۔