پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کرتے ہوئے پارٹی کے قربانی دینے والے کارکنوں کو فوقیت دی جائے، رائو نعیم ہاشم

لاہور(نیوز رپورٹر)پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء اور جسٹس (ر) رائو نعیم ہاشم نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی تنظیم نو کرتے ہوئے پارٹی کے قربانی دینے والے کارکنوں کو فوقیت دی جائے پارٹی کارکن ہی پارٹی کی حکومت بنائیں گے اور پاکستان پیپلزپارٹی کو سیاست سے باہر رکھنے کے خواہشمند احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف ماضی میں بھی سازشیں ناکام ہوئیں اور اب بھی پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے خلاف بغیر ثبوت کے الزام تراشی درست نہیں اگرکسی کے پاس ثبوت ہیں تو عدالت میں لائے۔

مسلم لیگ ن نے ضمنی انتخابات میں دھونس اور دھاندلی سے کامیابی حاصل کی اور سرکاری وسائل استعمال کرکے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیر دیں وحیدہ شاہ کے معاملے پر از خود نوٹس لے کر انہیں نااہل قرار دیدیا جاتا ہے لیکن ضمنی انتخابات میں ہونے والی دھاندلی کسی کو نظر نہیں آتی۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات وقت پر ہوں گے ماضی میں انتخابات میں پاکستان پیپلزپارٹی نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے اور آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان پیپلزپارٹی ہی جیتے گی۔