ڈرون حملے، معاملہ امریکی سفیر کے سامنے اٹھائیں گے: حنا ربانی کھر

Hina Rabbani Khar

Hina Rabbani Khar

اسلام آباد (جیوڈیسک) بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ کے خلاف جے یو آئی ف نے سینٹ سے دوسرے روز بھی واک آوٹ کیا۔ فیصلہ واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ فیصلہ حالات کے مطابق آئین کے تحت کیا گیا۔

سینٹ کا اجلاس چیئرمین نیر حسین بخاری کی زیرصدارت ہوا۔ مولانا غفور حیدری نے کہا کہ بلوچستان کی منتخب حکومت پر شب خون مارا گیا ہے۔ صدر زرداری فوری طور پر گورنر راج کے نفاذ کا فیصلہ واپس لیں۔ ڈپٹی چیئرمین سینٹ صابر بلوچ نے کہا کہ بلوچستان میں وزرا کوئی کام نہیں کرتے تھے۔ وزیراعلی بائیس بائیس دن صوبے سے باہر رہتے تھے اور امن و عامہ کی صورتحال انتہائی خراب تھی۔

صدارتی ترجمان سینیٹرفرحت اللہ بابر نے کہا کہ گورنر راج آئین کے آرٹیکل 234 اے اور سی کے تحت لگایا گیا۔ مولانا غفور حیدری نے کہا کہ جے یوآئی کا سینٹ سے واک آؤٹ بلوچستان میں حکومت کی بحالی تک جاری رہے گا۔

وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان کے سرحدی علاقوں میں ڈرون حملوں کی پالیسی جاری رکھنے اور اس حوالے سے نئے رولز کیلئے امریکی کانگریس کی اجازت دیے جانے کی میڈیا رپورٹس دیکھی ہیں۔ پاکستان کا موقف اس حوالے سے واضح ہے یہ حملے پاکستان کی سرحدوں کی خلاف ورزی ہیں۔ یہ معاملہ بھی واشنگٹن میں سٹیٹ ڈپارٹمنٹ اور اسلام آباد میں امریکی سفیر کے ساتھ اٹھایا جائے گا۔ سینٹ کا اجلاس کا صبح ساڑے دس بجے دوبارہ ہوگا۔