ڈیڈ لائن ختم، طاہرالقادری آج مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے

Tahir ul Qadri

Tahir ul Qadri

ڈاکٹر طاہر القادری کی ڈید لائن ختم ہو گئی ہے وہ آج مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے، دوسری جانب پنجاب حکومت نے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ کو سیکیورٹی کی یقین دہانی کرا دی۔

تحریک منہاج القرآن کے سربراہ نے لاہور میں 23 دسمبر کو جلسے کے دوران حکومت کو اصلاحات کیلئے 10جنوری تک کی ڈیڈ لائن دی تھی اور تجاویز منظور نہ ہونے کی صورت میں لانگ مارچ کا اعلان کیا تھا۔ حکومت کی جانب سے کوئی پیشرفت سامنے نہیں آ سکی۔

ڈاکٹر طاہر القادری آج مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ دوسری جانب پنجاب حکومت نے ایک خط میں ڈاکٹر طاہر القادری کو ان کی سیکیورٹی کی یقین دھانی کرا دی۔ ہوم سیکرٹری کی جانب سے طاہرالقادری کو بھیجے گئے خط میں ان کی سیکیورٹی کے لئے کئے گئے اقدامات سےآگاہ کیا گیا۔

لانگ مارچ کے دوران ان کی سیکیورٹی پر 32 پولیس اہلکار، 12 ایلیٹ اہلکار اور پنجاب رینجرز کے جوان تعینات ہوں گے۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 280 کلومیٹرکے روٹ پرطاہرالقادری اور مارچ کے شرکا کو سنگین دہشت گردی کے خطرات کا سامنا ہے۔ منتظمین کے بغیر مارچ کے شرکا کو فول پروف سیکیورٹی مہیا کرنا مشکل ہے۔

ادھر الحمرا آرٹس کونسل لاہور وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اگر ڈاکٹر طاہر القادری اپنی گرفتاری خود پیش کریں تب بھی انہیں حراست میں نہیں لیا جائے گا اور نہ ہی کسی کارکن کو گرفتار کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہر القادری کو بلٹ پروف گاڑی اور فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی جبکہ لانگ مارچ کے روٹ پر واک تھرو گیٹس نصب کئے جائیں گے۔