کراچی، پرتشدد واقعات میں نیوی اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق

karachi

karachi

کراچی : (جیو ڈیسک) کراچی میں ایک گھنٹے کے دوران نیوی اور پولیس اہلکار سمیت پانچ افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا جس سے دن بھر میں ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد پندرہ ہو گئی۔ قائد آباد پولیس نے مبینہ ٹارگٹ کلر جبکہ سی آئی ڈی نے لیاری گینگ وار کے 4 ملزموں کو گرفتار کر لیا۔

شاہ فیصل کالونی میں نامعلوم افراد نے پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کانسٹیبل غلام رضا جاں بحق اور کانسٹیبل شہباز زخمی ہو گیا۔ فائرنگ کی زد میں آکر پاک بحریہ کا اہلکار کامران شدید زخمی ہو گیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

پولیس کے مطابق فائرنگ جوئے کے اڈے کے قریب کی گئی۔ اورنگی ٹان بخاری کالونی میں فائرنگ سے 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ ملیر آنسو گوٹھ، بلدیہ داد گوٹھ، صفورا چورنگی اور پٹھان کالونی میں فائرنگ سے چار افراد جاں بحق ہو گئے۔ ناظم آباد2 نمبر اور انو بھائی پارک کے قریب فائرنگ سے دو افراد زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ سچل گوٹھ سے خاتون کی لاش برآمد ہوئی ہے۔

اورنگی ٹاؤن سیکٹر بارہ میں فائرنگ سے سندھ ہائی کورٹ بار کا کلرک فیصل جمال جاں بحق ہوگیا۔ کھوکھرا پار کے ایک مکان سے ایک خاتون اور مرد کی لاش برآمد ہوئی۔ پولیس حکام کے مطابق دونوں میاں بیوی ہیں۔ سہراب گوٹھ کے نزدیک سے نامعلوم شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔

بلدیہ ٹان داد گوٹھ میں فائرنگ سے زخمی ہونے والا شخص علاج کے دوران دم توڑ گیا۔ پیر آباد میں شادی کی تقریب میں فائرنگ سے 5 سالہ بچی زخمی ہوگئی۔ نمائش چورنگی پر ڈکیتی مزاحمت پر ایک شخص زخمی ہوا۔ کریم آباد، بغدادی اور قائد آباد میں فائرنگ سے خاتون سمیت تین افراد زخمی ہوئے۔ ادھر قائد آباد میں پولیس نے چھاپہ مار کرمبینہ ٹارگٹ کلر سجیل عرف شرجیل کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا ۔

پولیس کے مطابق ملزم لانڈھی اور کورنگی میں ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہے۔ دوسری طرف غنی چورنگی کے قریب سی آئی ڈی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ وار کے 4 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔