کراچی ، لاہور آتشزدگی واقعات کی رپورٹ نہیں ملی، رحمن ملک

 Rehman Malik

Rehman Malik

اسلام آباد(جیوڈیسک)وفاقی وزیر داخلہ رحمن ملک نے کہا ہے کراچی اور لاہور کی فیکٹریوں میں آتشزدگی کے واقعات کی رپورٹ ابھی تک وفاقی حکومت کو نہیں پہنچائی گئی ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ کراچی اور لاہور فیکٹریوں میں لگنے والی آگ کے پیچھے کچھ شر پسند عناصر ملوث ہیں اور معاملے کی تحقیق کے لیے ان کی آئی جی سندھ سے بھی ملاقات ہوئی ہے جو اس معاملے کے سارے پہلوں کو دیکھ رہے ہیں۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی اور لاہور میں پیش آنے والا یہ سانحہ پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ معاملے کی تحقیق کے لیے ان کی آئی جی سندھ سے ملاقات ہوئی ہے اور جلد ہی اس معاملے کی تحقیقات سامنے آ جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومتوں کی بھی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ بھی اس معاملے کو دیکھیں اور فائر سیفٹی کے قوانین نافذ کریں۔

اقوام متحدہ کے وفد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ وہ پوری گارنٹی سے کہتے ہیں کہ اقوام متحدہ کا وفد کوئی تحقیقی نہیں کرے گا بلکہ حکومت کی جانب سے ان کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔ان کہا کہنا تھا کہ بہت جلد کمیشن بنایا جائے گا جو تمام صوبائی حکومتوں کی جانب سے میڈیا پر کیے گئے اخراجات کا جائزہ لے گا اور اس کی رپورٹ عوام کے سامنے رکھی جائے گی۔