کراچی : امن خواب بن گیا ، تین افراد کی لاشیں برآمد

Karachi

Karachi

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں امن کا قیام خواب بن گیا، کریم آباد آباد سے تین افراد کی بوری بند لاشیں ملی ہیں جبکہ گلستان جوہر میں ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ رینجرز نے تین مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔پولیس کو کریم آباد فلائی اوور سے تین افراد کی بوری بند لاشوں کی اطلاع ایک شہری کی جانب سے دی گئی۔ پولیس نے لاشیں قبضے میں لے کر عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیں۔ تینوں افراد کو تشدد کے بعد گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔

پولیس کے مطابق کسی شخص کی تاحال شناخت نہیں ہوسکی۔ دوسری جانب رینجرز نے گلستان جوہر پہلوان گوٹھ میں حساس ادارے کی جانب سے تخریب کاروں کی موجودگی کی اطلاع پر ٹارگٹڈ آپریشن کیا جس پر ملزمان نے رینجرز پر فائرنگ کر دی جس کی زد میں آکر ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔ جوابی کارروائی پر ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ آپریشن دو گھنٹے تک جاری رہا۔

اس دوران وقفے وقفے سے فائرنگ کا تبادلہ بھی جاری رہا۔ رینجرز ذرائع کا دعوی ہے کہ ایک کمرے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔ حراست میں لئے گئے مشتبہ افراد عباس، خالد عمر ا ور امجد سے پوچھ گچھ جاری ہے ۔