کراچی: دو تاجروں کے اغواء کے خلاف ایم اے جناح روڈ پر احتجاج

Protest

Protest

کراچی : (جیو ڈیسک) دو تاجروں کے اغواء کے خلاف دکانداروں نے احتجاج کرتے ہوئے ایم اے جناح روڈ بلاک کر دی جبکہ ٹرانسپورٹرز اتحاد نے سانحہ قاضی احمد کے خلاف سپرہائی وے کاٹھور کے قریب دھرنا دیتے ہوئے ڈھائی گھنٹے تک ٹریفک کے لئے معطل کر دی۔

شہر قائد میں ایم اے جناح روڈ پلازہ کوارٹرز پر واقع آٹو پارٹس کی مارکیٹ کے دو دکانداروں احسن اور فراز کو کل رات نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا۔ واقعہ کے خلاف مارکیٹ کے دکاندار احتجاج کرتے ہوئے ایم اے جناح روڈ پر آ گئے، جس سے ٹریفک معطل ہو گئی اور گاڑیون کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ تاجر رہنماؤں کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے میں مغویوں کو بازیاب نہیں کرایا گیا تو احتجاج کا دائرہ پورے شہر تک پھیلا دیا جائے گا۔ سپر ہائی وے کاٹھور کے قریب ٹرانسپورٹرز اتحاد نے سانحہ قاضی احمد کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بسیں اور آئل ٹینکرز کھڑا کرکے سپرہائی وے ڈھائی گھنٹے تک ٹریفک کے لئے معطل کر دی اور دھرنا دیا۔ جس سے کراچی اور حیدرآباد کے درمیان گاڑیوں کی آمد و رفت بند ہو گئی۔ گورنر سندھ کی جانب سے مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا گیا۔