کراچی : دکان پر کریکر حملہ، پرتشدد واقعات میں 6 افراد ہلاک

karachi killing

karachi killing

کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں بھتہ نہ دینے پر ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے قریب کریکر کا حملہ کیا گیا، جبکہ فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں چھ افراد ہلاک ہوگئے۔ نیپا چورنگی کے قریب موٹر سائیکل سواروں نے ڈیپارٹمنٹل اسٹور کے قریب کریکر پھینکا جس سے ایک شخص زخمی ہوا اور تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق مذکورہ ڈیپارٹمنٹل اسٹور کی پی آئی بی کالونی میں واقع برانچ سے بھتہ مانگا گیا تھا اور اس برانچ کے باہر حملے سے ظاہر ہوتا ہے کہ بھتہ نہ دینے پر ملزمان نے کریکر سے حملہ کیا۔

رزاق آباد ٹریننگ سینٹر کے قریب اور سپر ہائی وے پر ٹول پلازہ کے قریب فائرنگ سے دو افرادجاں بحق ہوئے۔ نامعلوم افراد نے نارتھ کراچی سیکٹر فائیو سی میں فائرنگ کرکے شیخ کامران نامی شخص کو قتل کردیا ۔پاک کالونی سے لاش ملی ہے جسکی تاحال شناخت نہ ہوسکی ہے مقتول کو تشدد کرکے قتل کیا گیا ہے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق قیوم آباد سے پچاس سالہ خواجہ سرا کی لاش ملی جس کی شناخت سیموئل کے نام سے ہوئی۔موچکو تھانے کی حدود میں فائرنگ سے زخمی ہونیوالا طوطی خان جناح اسپتال میں دوراج علاج دم توڑ گیا۔ لیاری میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پینتیس سالہ عمیر زخمی ہوا جبکہ گلشن حدید L6مارکیٹ میں فائرنگ سے اسد لغاری زخمی ہوا۔

کراچی میں قتل و غارت گری بڑھنے کے بعد پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف متحرک ہوگئی، مختلف کارروائیوں میں پچاس سے زائد ملزمان گرفتار کرلیے ،جن میں کئی ٹارگٹ کلر بھی شامل ہیں ۔ کراچی  پولیس جرائم پیشہ افراد کے خلاف متحرک مختلف علاقوںسے 50سے زائد جرائم پیشہ گرفتار اورنگی ٹاون سے رحمان ڈکیت کا بھانجا پکڑا گیا۔