کراچی: علما کے قتل پر ہڑتال، ہنگامہ آرائی، گاڑیاں نذر آتش، 1 جاں بحق

Karachi Strike

Karachi Strike

کراچی(جیوڈیسک) علمائے کرام اور شہریوں کی جاری ٹارگٹ کلنگ کے خلاف دینی جماعتوں کی اپیل پر ہڑتال کے موقع پر بعض علاقوں میں ہنگامہ آرائی ہوئی ہے۔ دو گاڑیاں کو آگ لگادی گئی جبکہ پبلک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

شہر قائد میں علمائے کرام اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے خلاف تنظیم وفاق المدارس کی اپیل پر ہڑتال کے موقع پر بعض علاقوں میں ہنگامہ آرائی کی گئی۔ داد چورنگی لانڈھی ،گرومندر اور لی مارکیٹ کے قریب مشتعل افراد نے سڑکوں پر ٹائر جلائے۔ کھارادر ککری گراؤنڈ کے قریب دو گاڑیوں کو آگ لگا دی۔

ایم اے جناح روڈ پر تاج کمپلکس کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ شہر کے بیشتر علاقوں میں پیٹرول پمپس بند ہیں۔صبح کے اوقات میں پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نہ ہونے کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ صبح کے اوقات میں کھلنے والے سکولوں میں طلبا و طالبات کی حاضری برائے نام رہی۔