کراچی : فائرنگ اور پرتشدد واقعات میں 7 افراد جاں بحق

 karachi killing

karachi killing

کراچی : (جیو ڈیسک)کراچی میں تشدد اور فائرنگ سے 7 افراد جاں بحق ہو گئے۔ مرنے والوں میں میاں بیوی بھی شامل ہیں۔ ایسٹ رینج پولیس نے مختلف علاقوں سے اکتیس ملزمان گرفتار کر لیے۔اطلاعات کے مطابق ملیر آنسو گوٹھ میں فائرنگ سے ایک شخص جان کی بازی ہار گیا۔ سہراب گوٹھ سے ایک شخص کی تشدد زدہ لاش برآمد ہوئی۔ مقتول کی تاحال شناخت نہیں ہو سکی۔ اورنگی ٹاون نمبر بارہ میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہو گیا۔ملیر کھوکھرا پار میں میاں بیوی کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا۔ پولیس کے مطابق قتل کی وجہ ذاتی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ مقتولین کی شناخت جمن شاہ اور ندا بی بی کے نام سے کی گئی ہے۔لانڈھی نمبر چار میں نامعلوم افراد کی ٹرک پر فائرنگ سے ڈرائیور جاں بحق ہوگیا۔ جمشید روڈ نمبر دو میں فائرنگ سے ایک شخص مارا گیا۔ جہانگیر روڈ پر فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے۔

سائٹ کے علاقے میں لوٹ مار کرنے والے دو ڈاکوں اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ زخمی ڈاکوں کی شناخت عاطف اور عبدالقیوم کے نام سے ہوئی جنہیں پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پولیس نے چھینے گئے تین موبائل فونز، نقدی اور دو پستول برآمد کر لیے۔ فائرنگ کی زد میں آکر ایک شہری بھی زخمی ہوا۔پولیس نے دونوں ملزمان اور شہری کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا۔

ایسٹ رینج پولیس نے کی کارروائی کرتے ہوئے مختلف علاقوں سے اکتیس ملزمان گرفتار کر لیے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے چھینی ہوئی متعدد گاڑیاں ، موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔