کراچی : فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں 8 جاں بحق

Karachi Firing

Karachi Firing

کراچی(جیوڈیسک) کراچی میں فائرنگ اور پر تشدد واقعات میں آٹھ افراد جاں بحق اور دو زخمی ہوگئے۔ موتی محل میں مذہبی رہنما مولانا اورنگزیب فاروقی کی گاڑی پر فائرنگ سے ان کا ڈرائیور اور گارڈ جاں بحق ہوگئے۔

کراچی میں فائرنگ اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں کمی نہ آسکی۔ آج بھی 8گھروں کے چراغ گل کر دیے گئے۔ موتی محل کے قریب نامعلوم افراد نے مذہبی جماعت کے رہنما مولانا اورنگزیب فاروقی کی گاڑی پر فائرنگ کردی جس سے ان کا گارڈ اور ڈرائیور جاں بحق جبکہ مولانا اورنگزیب فاروقی زخمی ہوگئے۔

واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی بڑھ گئی اور مختلف مقامات سے وقفے وقفے سے ہوائی فائرنگ کی گئی۔ شاہ فیصل کالونی میں عظیم پورہ اسٹاپ کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔

اورنگی ٹاؤن میں آج تین افراد مارے گئے۔ فائرنگ کا پہلا واقعہ اورنگی ٹان نمبر بارہ میں پیش آیاجہاں فرنیچر مارکیٹ کے قریب فائرنگ سے حیدر جاں بحق اور عبدالحفیظ زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ گیا۔

اورنگی ٹاؤن میں ہی فائرنگ سے ایک اور شخص مارا گیا۔ پرانا حاجی کیمپ کے قریب سے رات گئے ایک بوری بند لاش ملی جس کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی۔

پولیس کے مطابق مقتول کو سر میں گولی مار کر قتل کیا گیا۔ ڈیفنس خیابان بحریہ میں فائرنگ سے ڈی ایس پی اورنگزیب کا بیٹا شاہ زیب جاں بحق ہوگیا۔