کراچی : مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق ، 2 افراد زخمی

Karachi Incidents

Karachi Incidents

کراچی (جیوڈیسک) کراچی میں مختلف واقعات میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو ئے، قائد آباد میں پولیس مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک اور کپڑے کا مغوی تاجر بازیاب ہو گیا۔ناظم آباد بورڈ آفس کے قریب ٹریفک حادثہ میں ایک شخص جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی۔ پولیس نے لاش عباسی شہید اسپتال منتقل کردی ہے۔ یوپی موڑ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک شخص زخمی ہوگیا۔ مبینہ ٹاؤن پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔

پولیس تھانہ قائد آباد نے خفیہ اطلاع پر قائد آباد شیر پاؤ کالونی میں مغوی تاجر کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا توملزموں نے پولیس پر فائرنگ شروع کردی جس سے ایک پولیس اہلکار محمد حنیف زخمی ہو گیا۔ پولیس کی جوابی فائرنگ سے دو اغوا کار شدید زخمی ہوگئے جو اسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ گئے۔ پولیس نے مکان سے کپڑے کا 28 سالہ مغوی تاجر محبت خان کو بازیاب کروا لیا۔ ڈاکوؤں کی لاشوں اور زخمی اہلکار کو پولیس نے جناح اسپتال منتقل کر دیا ہے۔