کراچی میں رینجر آپریشن جاری ، مزید 30 ملزم گرفتار

Karachi rangers operation

Karachi rangers operation

کراچی (جیوڈیسک)کراچی کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے رات گئے ٹارگٹڈ آپریشن کر کے 30 سے زائد مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کرلیا ۔شہر قائد میں بڑھتی ٹارگٹ کلنگ اور دیگر جرائم پر قابو پانے کیلئے رینجرز کی جانب سے مطلوب ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹارگٹڈ آپریشن کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب رینجرز کی جانب سے شاہ فیصل ٹاون کے علاقے سادات کالونی اور ناتھا خان گوٹھ کا محاصرہ کر کے 8 افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔

لیاری کے علاقے شاہ بیگ لین اور آٹھ چوک سے محلقہ سے علاقوں کا محاصرہ کرکے مزید 8 مشتبہ افراد گرفتار کیے گئے۔ نیوکراچی کے مختلف علاقوں سے 5 ملزمان کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ صبح سویرے نارتھ ناظم آباد کے علاقے موسی کالونی اور واحد کالونی کا بھی محاصرہ کرلیا گیا۔ تین گھنٹے سے زائد جاری رہنے والے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران رینجرز نے 10ملزمان کو حراست میں لے کر 20 سے زائد مختلف اقسام کا اسلحہ برآمد کرلیا ۔ ذرائع کے مطابق زیر حراست ملزمان میں مختلف وارداتوں میں مطلوب ملزمان سمیت سیاسی جماعت کے کارکنان بھی شامل ہیں۔