کراچی میں 10افراد جاں بحق،30 سے زائد گاڑیاں نذر آتش

Krachi Strike

Krachi Strike

کراچی : (جیو ڈیسک)کراچی میں پرتشدد ہنگامے۔ فائرنگ اور جلاؤ گھیراؤ۔ دس افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ تیس سے زائد گاڑیاں جلا دی گئیں۔ ایم کیو ایم کے سیکٹر کمیٹی کے رکن منصور مختاراور ان کے بھائی کے قتل کے بعد سندھ میں یوم سوگ منایا گیا، مقتول سیکٹر کمیٹی کے رکن اوران کے بھائی کو سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ پی آئی بی پولیس اسٹیشن کا تھانیدار معطل کر دیا گیا ہے۔

پی آئی بی کالونی میں ایم کیو ایم کے کارکن اور ان کے بھائی کے قتل کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ،ایڈشنل آئی جی سندھ نے پی آئی بی تھانے کے ایس ایچ او کو معطل کردیا ہے ۔ قتل میں ملوث احمد علی کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا ہے ۔ وزیرداخلہ رحمان ملک نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے ۔

آج صبح سویرے کراچی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایم کیو ایم کے پی آئی بی کالونی سیکٹر کمیٹی کے رکن منصور مختار جاں بحق ہوگئے تھے ۔ فائرنگ سے زخمی منصور مختار کے بھائی بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اسپتال میں جاں بحق ہو گئے۔ واقعے کے بعد شہر میں کشیدگی پھیل گئی۔ مختلف علاقوں میں مشتعل افراد نے فائرنگ اور ہنگامہ آرائی کی اور جلا گھیرا کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ شرپسندوں نے مختلف علاقوں میں پولیس موبائل سمیت تیس سے زائد بسوں اور گاڑیوں کو جلا دیا۔ شہر کی صورتحال کے باعث پبلک ٹرانسپورٹ بند کردی گئی ۔ پیٹرول پمپس اور سی این جی اسٹیشنز بھی سارا دن بند رہے۔ ایم کیو ایم کے یوم سوگ پر کراچی کی تاجر تنظیموں نے کاروباری مراکز بند رکھے ۔ شہر میں تمام تعلیمی ادارے بند رہے جبکہ جامعہ کراچی اور جامعہ اردو میں آج ہونے والے تمام پرچے منسوخ کردئیے گئے تھے۔ مختلف علاقوں میں نامعلوم افراد کی ہوائی فائرنگ وقفے وقفے سے جاری رہی۔ پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری طلب کرلی گئی ہے جو کشیدہ علاقوں میں گشت کر تی رہی۔