کراچی : ٹارگٹ کلنگ جاری، ایک شخص ہلاک، گینگ وار کا ملزم بھی مارا گیا

Target killing

Target killing

کراچی(جیوڈیسک)کراچی میں فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک شخص ہلاک اور دو زخمی ہوگئے۔ لیاری میں رینجرز اور گینگ وار ملزمان کے درمیان جھڑپ میں ایک گینگ وار ملز م ہلاک جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

کراچی کے علاقے موسی لین لیاری سے ایک لاش ملی ہے جس کی شنا خت نہیں ہوسکی ۔ جہانگیر روڈ پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون سائرہ اور ایک شخص عمر زخمی ہوگیا۔لیاری میں علی محمد محلہ میں رات گئے رینجرزنے ٹارگٹڈ آپریشن کیا۔ رینجرز نے علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کی تو اسے شدید مزاہمت کا سامنا کرنا پڑا۔

آپریشن کے دوران گینگ وار ملزما ن نے شدید فائرنگ کی اور دستی بم سے حملہ کیا ۔رینجرز اور گینگ وار ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں گینگ وار کا ایک ملزم ہلاک ہوا جس کی شناخت حنیف کے نام سے ہوئی جبکہ گینگ وار کے تین ملزمان محمد بخش، شاکر اور عبید زخمی ہوئے۔ ملزمان کے قبضے سے چھ کلاشنکوف، تین ٹی ٹی پستول، چار دستی بم اور تین واکی ٹاکی سیٹس بھی برآمد ہوئے۔ بعد ازاں ہلاک ملزم کی نعش اور تینوں زخمی ملزمان کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا۔