کراچی : پورے شہر میں بجلی کی سپلائی معطل

karachi

karachi

کراچی میں بجلی کا بحران سنگین ہو گیا، پورے شہر میں بجلی کی سپلائی معطل، 10گھنٹے کے بعد بھی بجلی کی فراہمی بحال نہ ہوسکی۔ کے ای ایس سی نے ایمر جنسی نافذ کر کے عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں، گور نر سندھ نے فوری طور پر بجلی کی سپلائی بحال کر نے کا حکم دیدیا۔

کراچی میں رات 8 بجے سے جاری بجلی کے بریک ڈاون کے باعث ٹاور، برنس روڈ، گارڈن، لیاری، ڈیفنس، کلفٹن، گزری، قائدآباد، لانڈھی کورنگی، ملیر، شاہ فیصل، کورنگی انڈسٹریل ایریا، ایئرپورٹ، اورنگی ٹاون، بلوچ کالونی سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی گزشتہ دس گھنٹے سے معطل ہے۔ جبکہ گورنر ہاس، سی ایم ہاس، پولیس ہیڈ آفس اور پولیس ہیڈ کوارٹر گارڈن کی بجلی بھی تاحال بند ہے جس کی وجہ سے مددگار ون فائیو سمیت مختلف محکموں کو فرائض کی انجام دہی میں بھی مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق بریک ڈاون کے باعث کے ای ایس سی کے 28 گرڈ اسٹیشن بند جبکہ 2 نجی بجلی گھربھی فنی خرابی کے باعث متاثر ہیں۔ جبکہ گھارو، پپری اور دھابیجی پمپنگ اسٹیشن کی بجلی بھی تاحال بحال نہیں ہوسکی ہے جس کے نتیجے میں اب تک شہر میں 15 کروڑ گیلن پانی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ بجلی کے طویل بریک ڈان کے نتیجے میں شہر میں پانی کا بحران پیدا ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

ای ایس ای حکام کے مطابق نمی کی وجہ سے 220 کے وی کی دو اور 132 کے وی کی تین ٹرانسمیشن لائنیں بار بار ٹرپ کررہی ہیں۔ دوسری جانب روزہ داروں نے بجلی و پانی کے بغیرسحری کا اہتمام کیا جس پر شہری سراپا احتجاج دکھائی دیئے۔