کراچی: کشیدگی برقرار، ہوائی فائرنگ اور ہنگامہ آرائی

karachi

karachi

کراچی : (جیو ڈیسک) مختلف مقامات میں ہوائی فائرنگ اور ہنگامہ آرائی جاری ہے۔ بعض علاقوں میں کاروبار اور پبلک ٹرانسپورٹ بند ہے۔ پرانی سبزی منڈی کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ اے این پی کے کارکن زین العابدین کو خاموش کالونی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔

گزشتہ شام عوامی نیشنل پارٹی کے کارکن کے قتل پر کراچی میں کشیدگی برقرار ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں جلاؤ گھیراؤ کے واقعات ہوئے۔ ہنگامہ آرائی اور سڑکوں پر ٹائر جلانے کے ساتھ متعدد گاڑیوں اور دکانوں کو بھی آگ لگا دی گئی۔ گزشتہ شام گاڑیاں جلائے جانے کے بعد کراچی ٹرانسپورٹ اتحاد نے آج پبلک ٹرانسپورٹ سڑکوں پر نہ لانے کا اعلان کر دیا تھا۔

کشیدہ علاقوں میں تعلیمی ادارے اور کاروباری مراکز بند ہیں۔ گلشن اقبال ٹاؤن پولیس نے پرتشدد کارروائیوں کے الزام میں پندرہ افراد کو گرفتارکر لیا۔ اورنگی سے بھی ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

اے این پی کے کارکن زین العابدین کی نمازجنازہ پٹیل پاڑہ گرانڈ میں ادا کی گئی، جس میں اے این پی سندھ کونسل کے ارکان اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ زین العابدین کو خاموش کالونی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔