‘کنٹونمنٹ انتخابات سے ثابت ہو گیا کہ عمران خان واحد قومی رہنما ہیں’

Imran Khan and Asad Umar

Imran Khan and Asad Umar

اسلام آباد (اصل میڈیا ڈیسک) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات سے ایک بار پھر ثابت ہو گیا کہ تحریک انصاف ملک کی واحد اکثریتی جماعت ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں اسد عمر کا کہنا تھا کہ کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات سے ثابت ہو گیا کہ وزیراعظم عمران خان ہی واحد قومی رہنما ہیں، تحریک انصاف ہر صوبے میں پہلے یا دوسرے نمبر پر ر ہی۔

وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ ن لیگ بلوچستان میں کوئی سیٹ حاصل نہ کر سکی جبکہ پیپلز پارٹی کی پنجاب میں کوئی سیٹ نہیں ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملک بھر میں ہونے والے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 63 نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر رہی جبکہ مسلم لیگ نے 59 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی، پیپلز پارٹی نے 17 اور ایم کیو ایم پاکستان نے 10 نشستیں حاصل کیں۔