کوئٹہ میں 3سال بعد برفباری، کراچی میں بارش

cold weather

cold weather

پہاڑی علاقوں میں برفباری کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے جبکہ کوئٹہ میں تین سال بعد برفباری پر  عوام کی خوشی دیدنی  ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارش اور برفباری مزید دو روز جاری رہے گی۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش کے بعد سردی میں مزید اضافہ ہوگیا۔ مری گلیات اور آزاد کشمیر میں مزید دو روز تک برف باری کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقے آج بھی شدید سردی کی لپیٹ میں رہیں گے۔ چوبیس گھنٹوں میں بالائی پنجاب،ڈیرہ غازی خان ڈویژن، خیبر پختونخواہ ، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا امکان ہے۔
ہزارہ ڈویژن میں ضلع ایبٹ آباد کے مختلف علاقوں میں برف کے بعد رابطہ سڑکیں بند ہیں جبکہ ایندھن کے لیے استعمال ہونے والی لکڑی نایاب ہوگئی ہے ۔پسنی میں بیالیس ،جیوانی میں پندرہ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ کالام میں درجہ حرارت بدستور منفی پندرہ، کوئٹہ منفی سات، ملکہ کوہسار میں منفی چار اور اسلام آباد میں منفی ایک سینٹی گریڈ رہا۔