کولیشن حکومت نہیں بنانا چا ہتے ، عمران خان

Imran Khan

Imran Khan

تحریک انصاف کے سر براہ عمران خان نے کہا ہے کہ لوگ تبدیلی چاہتے ہیں۔ الیکشن میں مکمل کامیابی حاصل کریں گے ۔تحریک انصاف کسی سے کولیشن حکومت نہیں بنائے گی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ وہ تین ماہ میں پاکستان سے دہشت گردی ختم کر سکتے ہیں۔قبائلی افراد کی محبت جیتنے کو کوشش کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وہ عسکریت پسندوں اور مقامی افراد کو علیحدہ کریں گے۔

بیشتر مقامی افراد نظریے کی بجائے اپنے استحصال اور امریکی مخالفت میں طالبان کی حمایت کر رہے ہیں اوراگر قبائلی عوام کی شکایت دور کر دی جائیں تو وہ خود کو طالبان سے علیحدہ کر لیں گے۔عمران خان نے انکشاف کیا کہ انہوں نے صدر اوباما کی انتخابات میں جیت کیلئے بے تحاشہ دعا ئیں کیں لیکن وہ جنگ ختم نہیں کر سکے۔ اب انہیں امید ہے کہ امریکی عوام ایسے صدر کا انتخاب کرے گی جو جنگ کا مخالف ہوکیونکہ اس طرح دہشت گردی ختم ہو سکتی ہے۔

آئندہ انتخابات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ لوگ تمام جماعتوں سے بیزار ہیں۔ان حالات میں تحریک انصاف ہی آخری امید ہے۔ کوئی جماعت پاکستان میں تحریک انصاف کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔آئندہ انتخابات میں اگر اکثریت حاصل نہ کر سکے تو کولیشن حکومت کسی صورت نہیں بنائیں گے کیونکہ کولیشن حکومت کو اسٹبلشمنٹ اور طاقتور حلقے اپنے اشاروں پر نچاتے ہیں۔