کیانی کی جگہ میں ہوتا تو ملک میں تبدیلی آ چکی ہوتی: مشرف

Pervez Musharraf

Pervez Musharraf

سابق صدر پرویز مشرف نے تحریک منہاج القرآن کے سربراہ طاہر القادری کے لانگ مارچ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا کہ میری پہلے دن سے ہی ان کو مکمل حمایت حاصل تھی ، اگر آج جنرل کیانی کی جگہ میں ہوتا تو کچھ نہ کچھ تبدیلی آ چکی ہوتی۔

گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران اپنی مقبولیت کھو چکے ہیں ان کو حکمرانی کا کوئی حق حاصل نہیں اور نہ ہی وہ ملک چلانے کی صلاحیت رکھتے ہیں مجھے امید ہے کہ عوام ان کا کڑا احتساب کرینگے جو آئندہ انتخابات میں یہ منتخب نہیں ہونگے۔

ان کا کہنا تھا کہ (ن) لیگ میں بھی ملک کو مسائل سے نکالنے کی صلاحیت نہیں محض خیالی دعوے ہیں ملک میں تبدیلی عوام ہی لا سکتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری نے عوامی حقوق کیلئے جو آواز اٹھائی وہ خوش آئند ہے اور اسلام آباد میں ان کا لانگ مارچ کامیاب رہا ۔ انہوں نے کہا کہ طاہر القادری کو پہلے دن سے میری حمایت حاصل تھی

انہوں نے سکیورٹی فورسز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ بھی اس قوم کے سپوت اور بیٹے ہیں یہ ملک کا دفاع اور امن قائم کرتی ہیں نہ کہ اپنی فوج کیخلاف اٹھ کھڑی ہوتی ہیں امید ہے کہ سکیورٹی فورسز قوم کیخلاف نہیں اٹھیں گی اور طاقت کا استعمال نہیں کیا جائے گا ۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ آج جو ملک کے حالات ہیں اگر جنرل کیانی کی جگہ میں ہوتا تو کچھ نہ کچھ ضرور کر رہا ہوتا اور اب تک ملک میں تبدیلی آ چکی ہوتی ۔ انہوں نے کہا کہ میں صورتحال کو بہت غور سے دیکھ رہا ہوں۔