کینیا کے شہر ممباسا میں دہشت گردانہ حملے کا خطرہ

mabasa

mabasa

ممباسا: (جیو ڈیسک) افریقی ریاست کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں واقع امریکی سفارت خانے نے انتباہ جاری کیا ہے کہ کینیا کے ساحلی شہر ممباسا میں عنقریب کسی دہشت گردانہ حملے کا خطرہ ہے۔ ممباسا پہلے بھی اس طرح کے حملوں کی زد میں رہا ہے اور امریکی سفارت خانے نے اپنے سرکاری عملے کے تمام ارکان پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر یہ ساحلی شہر چھوڑ دیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ اسے ہفتے کے روز دارالحکومت نیروبی سے بم کی تیاری میں استعمال ہونے والا مشتبہ مواد ملا ہے۔

اس طرح کے مواد کے پکڑے جانے کا اس ملک میں اِس ہفتے کے دوران یہ دوسرا واقعہ ہے۔ ہفتہ 23 جون کو نیروبی پولیس کے کمانڈر اینتھنی کبوچی نے بتایا کہ پولیس کو شہر کے ایک نواحی علاقے سے ایک تھیلا ملا ہے جس میں رکھے ڈیٹونیٹرز پر میگنم بسٹرز، خطرناک دھماکہ خیز مواد کے لیبل چسپاں تھے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز سے باتیں کرتے ہوئے کبوچی نے کہا کہ ہم بڑی سرگرمی سے مشتبہ افراد کو تلاش کر رہے ہیں۔ امریکی سفارت خانے نے اپنی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں جس پر بائیس جون کی تاریخ درج ہے کہا ہے کہ اسے ملنے والی حالیہ اطلاعات سے یہ پتہ چلتا ہے کہ عنقریب ممباسا میں دہشت گردی کی کوئی کارروائی ہونے والی ہے۔