کیوِن رڈ کے مقابلے میں جولیا گیلارڈ کی فتح

julia gillard

julia gillard

آسٹریلیا کی وزیراعظم جولیا گیلارڈ نے لیبر پارٹی کی قیادت کے لیے ہونے والی ووٹنگ میں اپنے مدمقابل کیوِن رڈ کو شکست دے دی۔
آسٹریلوی حکام کے مطابق جولیا گیلارڈ نے کثرتِ رائے سے کامیابی حاصل کی۔ انہوں نے اکہتر ووٹ حاصل کیے جبکہ کیوِن رڈ کو اکتیس ووٹ ملے۔ کیوِن رڈ نے گزشتہ ہفتے آسٹریلیا کے وزیرِ خارجہ کی حیثیت سے استعفی دیا تھا۔

کیون رڈ کو جون دو ہزار دس میں وزارتِ عظمی کے عہدے سے ہاتھ دھونا پڑے تھے جس کے بعد جولیا گیلارڈ اس عہدے پر فائز ہوئیں۔لیبر پارٹی میں قیادت کے مسئلہ پر انتخابات کا مطالبہ جولیا گیلارڈ کئی ہفتوں کی قیاس آرائیوں کے بعد کیا تھا۔
آسٹریلیا کی حکمراں لیبر پارٹی میں حالیہ کچھ ہفتوں سے قیادت کے معاملے پر کشیدگی جاری تھی۔قیادت کی رسہ کشی کے دوران کیوِن رڈ کو ان کے عہدے سے برطرف کرنے کی بازگشت سنائی دے رہی تھی اور جولیا گیلارڈ کا کہنا تھا کہ کیوِن رڈ کا دفاع کرنے میں ان کی اپنی ناکامی انہیں کسی فیصلے تک پہنچنے میں معاون ثابت ہوگی۔

انتخابات کے نتائج کے بعد اب کابینہ میں ردوبدل کی توقع کی جارہی ہے کیونکہ کیوِن رڈ کے مستعفی ہونے کے بعد وزیرِ خارجہ کا عہدہ خالی ہوچکا ہے۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ انتخابات کے نتائج کیوِن رڈ کے لیے بھاری شکست کا پیغام لائے ہیں جو ممکن ہے کہ اب اپنی شکست تسلیم کرلیں گے۔
ذرائع کے مطابق جولیا گیلارڈ کی توجہ اب اپنی جماعت میں ہونے والی تقسیم کو ختم کرنے کی جانب ہوگی۔