گجرات:مسلم کش فسادات میں بائیس قصوروار

بلوائیوں نے دو کم سن بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے گیارہ افراد کو قتل کر دیا تھا

Gujrat Riots India

Gujrat Riots India

بھارت کی ریاست گجرات میں دوہزار دو کے مسلم کش فسادات کے دوران وسناگر کے دیپاڑا دروازہ کے پاس ہوئے قتل عام میں عدالت نے بائیس افراد کو قصوروار ٹھہرایا ہے۔

عدالت ان افراد کی سزاں کا تعین جلد ہی کرے گی۔

گودھرا ٹرین واقعے کے بعد ہوئے فسادات کے دوران دیپاڑا دروزاہ کے پاس ایک ہی خاندان کے گیارہ افراد کو قتل کر دیا گیا تھا۔

مہسانہ کی ایک مقامی عدالت نے قصورواروں کو قتل اور مجرمانہ سازش جیسے الزامات سے بری کر دیا ہے۔

اس کیس میں بی جے پی کے ایک مقامی رکن اسمبلی سمیت کل تراسی ملزم تھے جن میں سے اکسٹھ کو بری کر دیا گیا ہے۔

جن بائیس افراد کو قصوروار ٹھہرایا گیا ہے ان میں سے اکیس کو قتل کی کوشش کرنے اور فسادات پھیلانے کا مجرم بتایا گیا ہے جبکہ ایک پولیس انسپکٹر ایم کے پٹیل ڈیوٹی سے غفلت برتنے کے قصوروار قرار دیے گئے ہیں۔

جن افراد کو بری کیا گیا ہے اس میں سے دس پر سے الزامات واپس لے لیے گئے ہیں جبکہ باقی کو ناکافی ثبوتوں کا فائدہ ملا ہے۔

اٹھائیس فروری دو ہزار دو کو بلوائیوں کی ایک بھیڑ نے مہسانہ ضلع کے و سناگر قصبے میں دیپاڑادروازہ کے پاس ایک ہی خاندان کے گیارہ افراد کو قتل کر دیا تھا جس میں دو کم سن بچے اور ایک خاتون شامل تھیں۔

اس کیس میں بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایک مقامی رکن اسمبلی پرہلاد گوسا سمیت بعض خواتین بھی ملزم تھیں لیکن عدالت نے ناکافی ثبوتوں کی بنیاد پر انہیں بری کر دیا ہے۔

دیپاڑا دروازہ قتل عام گجرات فسادات کے ان نو کیسوں میں سے ایک ہے جس کی بھارتی سپریم کورٹ نے خصوصی تفتیشی ٹیم ایس آئی ٹی سے جانچ کے لیے کہا تھا۔

گجرات میں دو ہزار دو میں ہوئے فرقہ وارنہ فسادات میں تقریبا پندرہ سو افراد ہلاک ہوئے تھے جس میں سے بیشر مسلمان تھے۔