گجرات میں دو گھنٹے تک موسلا دھار بارش ، شہر میں جھل تھل

گجرات (جی پی آئی) گجرات میں دو گھنٹے تک موسلا دھار بارش ، شہر میں جھل تھل ، تفصیلات کے مطابق گرمی کی انتہا کے بعد گزشتہ روز دو گھنٹے تک مسلسل بارانِ رحمت برستی رہی جس سے موسم خوشگوار ہو گیا ، اور شہریوں کے چہرے کھل اٹھے ، شہر میں تمام شاہرائیں دو دو فٹ تک پانی میں ڈوب گئیں ، جس سے ٹرانسپورٹ کا نظام بری طرح متاثر ہوا ، جبکہ شہر کے سینکڑوں مکانوں میں پانی داخل ہو گیا ، بارش کی وجہ سے ٹی ایم اے گجرات اور ڈی سی او آفس کی کارکردگی کا پول کھل گیا جو کہ کسی بھی قسم کے سیلاب سے نپٹنے کیلئے گزشتہ ایک ماہ سے تیار بیٹھے ہیں ، نکاسی آب کا نظام نہ ہونا گجرات شہر کا درینہ مسئلہ ہے جس کو سیاسی اور ضلعی انتظامیہ نے ہر دور میں لوٹ مار کا ذریعہ بنا کر سرکاری خزانے کو نقصان پہنچایا ہے مگر پھر بھی یہ مسئلہ جوں کا توں ہے گزشتہ روز جب شہری نکاسی آب کا مسئلہ لے کر ٹی ایم اے دفاتر میں پہنچے تو پتہ چلا کے تمام افسران کرپشن اور لوٹ مار کی وجہ سے اینٹی کرپشن گوجرانوالہ ریجن نے گرفتار کر کے جیل بھجوا دئیے ہیں ، لہٰذا تمام پوسٹیں خالی ہیں اور ابھی تک پنجاب حکومت کی جانب سے افسران کی تعیناتی کا عمل مکمل نہیں ہو سکا ، شہریوں اور تاجروں کا کہنا ہے کہ حکومت اربوں روپے ٹیکس وصول کرتی ہے ، لیکن اس کے برعکس عوام کو سہولیات میسر نہیں ، گجرات شہر آج بھی گندگی اور نکاسی آب کے ساتھ ساتھ ٹوٹے پھوٹے روڈز سے دو چار ہے ، اگر حلقہ پی پی 111کا آج بھی سروے کروا لیا جائے تو بہت سارے روڈز جان بوجھ کر تعمیر نہیں کیے جا رہے ، اور نہ ہی کئی علاقوں میں گیس اور پانی کی آج کے جدید دور میں سہولیات میسر ہیں ، لیکن آئندہ الیکشن میں بھی سیاست دان ایسے علاقوں کا دورہ تو کرینگے لیکن عوام سے جھوٹے وعدے ہی کیے جائینگے ۔