نواز شریف کی قیادت میں پاکستان خوشحالی کی طرف گامزن ہو کر رہے گا: عابد رضا

گجرات (جی پی آئی )رہنما مسلم لیگ (ن)چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے کہا ہے کہ میاں محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان خوشحالی کی طرف گامزن ہو کر رہے گا۔ پوری قوم کا میاں نواز شریف اور میاں شہبازشریف پر مکمل اعتماد ہے جبکہ عوامی خدمت کے دعویدار حکمران عوام کو ریلیف دینے میں بالکل ناکام ہوچکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیرہ عبدالمالک پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میاں محمدنواز شریف کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ن)کے گذشتہ دور حکومت میں پاکستان نے مثالی اقتصادی ترقی کی اور ملک ایٹمی قوت بنا۔ ایک بار پھر ایسی ہی قیادت کو لاناہوگا جو ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی میں دلچسپی رکھتی ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ قائد میاں نواز شریف نے ہمیشہ ملک کو درپیش مسائل کے حل کیلئے مثبت تجاویز دی ہیں لیکن حکمرانوں نے ان پر عملدرآمدکرنے کی بجائے ملک کو مزید بحرانوں کا شکار بنادیا ہے مسلم لیگ (ن)ہی وہ واحد جماعت ہے جو ملک کو ان بحرانوں سے نجات دلاسکتی ہے۔