گجرات کے حلقہ این اے 107میں آج ضمنی الیکشن منعقد ہوں گے

گجرات (جی پی آئی) گجرات کے حلقہ این اے 107میں آج ضمنی الیکشن منعقد ہوں گے جس کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ضمنی الیکشن میں اصل مقابلہ مسلم لیگ ن کے امیدوار ملک محمد حنیف اعوان اور مسلم لیگ ق اور پیپلزپارٹی کے مشترکہ امیدوارو سابق ایم این اے رحمن نصیر مرالہ کے درمیان ہوگا ‘جبکہ گیارہ آزاد امیدوار بھی اپنے قسمت آزمائی کرینگے ڈسٹرکٹ الیکشن کمیشن آفیسر گجرات ماجد شریف ڈوگر نے بتایا ہے کہ حلقہ این اے 107میں کل رجسٹرڈ ووٹڑز کی تعداد 4لاکھ 2ہزار 898ہے جس میں مرد ووٹرز 2لاکھ 21ہزار اور خواتین ووٹرز کی تعداد 1لاکھ 81ہزار 396ہے جو کہ اپنا حق رائے دہی استعمال کرینگے ضمنی الیکشن میں 760پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جن میں مرد ووٹرز کیلئے 414بوتھ اورخواتین ووٹر زکیلئے 346ووٹنگ بوتھ بنائے گئے ہیں۔

آزاد امیدواران میں شبیر احمد چوہدری ‘راشد محمود ‘سید مبشر حسین ‘عرفان نصیر چوہدری’علامہ غلام شبیر احمد چشتی’علی اصغر ‘محمد ریاض ‘ملک فیصل جاوید اعوان ‘نعمان اشرف ‘ندیم عاشق اعوان شامل ہیں ‘ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریٹر آفیسر ڈی سی او گجرات نوازش علی نے بتایا ہے کہ ضمنی الیکشن میں امیدواران سمیت کوئی بھی شخص سرعام اسلحہ کی نمائش نہیں کرسکے گا اور تمام پولنگ اسٹیشنوں کے قریب غیر ووٹرز کو جانے کی اجازت نہیں دی جائیگی جس کیلئے دفعہ 144نافذ کردی گئی ہے ڈی سی او نے بتایا کہ ضمنی الیکشن کے سلسلہ میں آج پورے ضلع بھر میں عام تعطیل کا اعلان بھی کردیا ہے جبکہ یونیورسٹی آف گجرات سمیت ضلع بھر کے تمام سرکاری دفاتراور تعلیمی ادارے بھی بند رہینگے ‘این اے 107میں ضمنی الیکشن کے دوران کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے تین ہزار کے قریب پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جبکہ رینجرز کو بھی طلب کرلیا گیا ہے جو کہ الیکشن کے نتائج تک حلقہ کے تمام پولنگ اسٹیشنوں پر تعینات رہینگے حلقہ این اے 107کی نشست پر ہونے والے ضمنی الیکشن مسلم لیگ ن کے ایم این اے ملک جمیل اعوان کی ہالینڈ کی دوہری شہریت رکھنے پر سپریم کورٹ کے فیصلہ کے بعد خالی ہوئی تھی گزشتہ روز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرراجہ بشارت کی نگرانی میں پولیس ‘ایلیٹ فورس اور رینجرز اہلکاروں نے تحصیل کھاریاں کے حلقہ این اے 107میں فلیگ مارچ کیا اور پولنگ اسٹیشنوں کی صورتحال کاجائزہ بھی لیا۔