گزشتہ مالی سال میں ملک کی معاشی حالت بہتر رہی،حفیظ شیخ

dr hafeez shaikh

dr hafeez shaikh

اسلام آباد : (جیو ڈیسک) وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے دوران ملک کی معاشی صورتحال بہتررہی۔ عوام کی ریلیف کیلئے گزشتہ پینتالس روز کے دوران تیل کی قیمتوں میں تین بارکمی کی گئی۔

اسلام آباد میں وزیرخزانہ حفیظ شیخ نے وزیراعظم راجہ پرویزاشرف سے ملاقات کی اور موجودہ معاشی صورتحال پر بریفنگ دی ۔ وزیر خزانہ نے بتایا کہ عالمی سطح پرتیل اورگیس کی قیمتوں میں کمی کافائدہ عوام کوپہنچایا گیا۔گزشتہ پینتالس روز کے دوران تیل کی قیمتوں میں تین بارکمی کی گئی۔ دس ہزارمیگاواٹ سے چودہ
ہزارمیگاواٹ تک بجلی پیداہونے سے عوام کوریلیف ملا ۔فاسٹ ٹریک پر بجلی کی قلت دور کرنے کی کوششیں جاری ہیں ۔

وزیرخزانہ کاکہناتھا کہ آئی ایم ایف کوقسط ادا کرنے کے باوجود زرمبادلہ کے ذخائر پندرہ ارب ڈالررہے۔ عالمی معاشی صورتحال مخدوش ہونے کے باوجود ملکی برآمدات بہتررہیں آئندہ سال تک یہ رحجان برقراررکھا جائے گا۔
وزیر خزانہ کے مطابق موجودہ مالی سال کے اختتام پرافراط زر کی شرح گیارہ فی صد رہی جوگزشتہ مالی سال تیرہ فی صد سے کم ہے۔ وزیراعظم نے بریفنگ کوتسلی بخش قراردیتے ہوئے وزیر خزانہ کی قیادت میں اقتصادی ٹیم کے کام کوسراہا۔