گستاخانہ فلم : امریکا پاکستانی عوام کے غم و غصے کا احساس کرے، صدر

Hillary Clinton meets President Zardari

Hillary Clinton meets President Zardari

نیویارک صدر آصف زرداری نے ہلیری کلنٹن سے ملاقات میں کہا ہے کہ گستاخانہ فلم پر پاکستانی عوام میں غم و غصہ پایا جاتا ہے، امریکا اس بات کا احساس کرے، اظہار رائے کے نام پر کسی کو عالمی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پاکستان امریکا سے امداد کے بجائے تجارت کو ترجیح دیتا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے نیویارک میں امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن سے ملاقات کی جس میں گستاخانہ امریکی فلم پر مذمت کا اظہار کرتے ہوئے انہیں پاکستانیوں کے جذبات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ گستاخانہ فلم پر پاکستانی عوام میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، امریکا پاکستانی عوام کے غم و غصے کا احساس کرے، اظہار رائے کے نام پر کسی کو عالمی امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیکسٹائل سمیت دیگر مصنوعات کو امریکی منڈیوں تک رسائی دی جائے، پاکستان امریکا سے امداد کے بجائے تجارت کو ترجیح دیتا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے صدر آصف علی زرداری کو میرے دوست کہہ کر مخاطب کیا اور پاکستان کیلئے نئے امرکی سفیر رچرڈ اولسن سے بھی ملوایا۔ صدر زرداری ہیلری کلنٹن ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کے علاوہ دہشت گردی کے خلاف جنگ اور خطے کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیر خارجہ حنا ربانی کھر، امریکا میں پاکستان کی سفیر شیری رحمان، سیکریٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی، اسفند یار ولی، ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفی نواز کھوکھر بھی موجود تھے، ہلیری کلنٹن کے ہمراہ پاکستان کیلئے نامزد امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور مارک گراسمین بھی ملاقات میں شریک ہوئے۔