گوادر : کوسٹ گارڈز کے کیمپ پر حملہ،7 اہلکار شہید ہوگئے

 gwadar attack

gwadar attack

گوادر (جیو ڈیسک)گوادر کے علاقے پشکان میں کوسٹ گارڈز کے کیمپ پر حملے میں سات اہلکار شہید اور تین افراد زخمی ہوگئے۔لیویز ذرائع کے مطابق عسکریت پسندوں نے بلوچستان کے دور افتادہ مقام پشکان میں کوسٹ گارڈز کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔ حملہ آور بھاری اور جدید ہتھیاروں سے لیس تھے۔ انہوں نے پہلے کیمپ پر راکٹ داغے اور پھر اندھا دھند گولیاں برسائیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق راکٹ حملوں اور فائرنگ سے متعدد اہلکار شہید اور زخمی ہوئے۔ زخمیوں کو گوادر ڈسٹرکٹ اسپتال منتقل کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حملہ بہت شدید تھا۔ جوابی کارروائی میں ملزمان فرار ہوگئے۔ واقعے کے بعد سیکورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے واقعے کی تحقیقات کی جار ہی ہیں۔